لاہور میں انسدادِ دہشت گردی (اے ٹی سی) کی عدالت نے سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کی 4 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر اُن کے وکیل کو دلائل دینے کا آخری موقع دے دیا۔
انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج منظر علی گل نے عسکری ٹاور حملے اور پولیس اسٹیشن جلانے سمیت 4 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، جس کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل پیش نہ ہوئے۔
معاون وکیل نے دلائل کے لیے وقت مانگا اور بتایا کہ شریک ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہیں۔
انہوں نے استدعا کی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے تک کارروائی مؤخر کر دی جائے۔
عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل کو دلائل دینے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 17 مارچ تک ملتوی کر دی۔