• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ کی تعمیرِ نو منصوبہ: برطانیہ، جرمنی، اٹلی، فرانس کی عرب اقدام کی حمایت

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

غزہ کی تعمیرِ نو کے عرب منصوبے پر برطانیہ، جرمنی، اٹلی اور فرانس کے وزرائے خارجہ کی جانب سے مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے۔

برطانیہ، جرمنی، اٹلی اور فرانس کے وزرائے خارجہ نے غزہ کی بحالی اور تعمیرِ نو کے منصوبے کے حوالے سے عرب اقدام کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

ان وزرائے خارجہ نے کہا ہے کہ یہ اقدام غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے ایک عملی نقطۂ نظر کی نمائندگی کرتا ہے اور اگر اسے مؤثر طریقے سے لاگو کیا جاتا ہے تو یہ خطے میں فلسطینی آبادی کو درپیش سنگین حالاتِ زندگی میں تیز اور پائیدار بہتری لانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

وزرائے خارجہ کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ضروری ہے کہ بحالی اور تعمیرِ نو کی کوششیں ایک مضبوط سیاسی اور سیکیورٹی فریم ورک میں اثر انداز ہوں جو اسرائیلیوں اور فلسطینیوں دونوں کے لیے قابلِ قبول ہوں اور جو تمام فریقین کے لیے طویل مدتی امن اور سلامتی کو یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم اس ضرورت پر زور دیتے ہیں کہ حماس اب غزہ پر حکومت نہیں کرے گی اور نہ ہی اسرائیل کے لیے خطرہ ہے۔ 

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم فلسطینی اتھارٹی کے مرکزی کردار اور اس کے اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی مکمل حمایت کرتے ہیں، ہم اس میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز کی نمایاں کوششوں کو سراہتے ہیں اور اس بحالی اور تعمیرِ نو کے منصوبے کی باہمی ترقی کے ذریعے عرب ریاستوں کی طرف سے دیے گئے اہم پیغام کو تسلیم کرتے ہیں۔ 

وزرائے خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم عرب اقدام کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں اور اسرائیل کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ ان اہم مسائل، خاص طور پر سیکیورٹی اور گورننس کے معاملات باہمی تعاون کے ساتھ حل کیے جا سکیں۔ 

ان وزرائے خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم تمام فریقین کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ اس منصوبے کی خوبیوں کو بات چیت اور عمل کے لیے ایک بنیادی نقطۂ آغاز کے طور پر استعمال کریں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید