• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹام کروز کی ایک مرتبہ پھر ڈیٹنگ کی افواہیں

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز اور اسپینش اداکارہ آنا دے آرمس کو لندن میں ساتھ دیکھے جانے پر ڈیٹنگ کی افواہیں گردش کرنے لگیں۔

ٹام کروز اور آنا دے آرمس کی دوستی یا ممکنہ رومانس کی خبریں گردش میں ہیں کیونکہ انہیں ایک بار پھر لندن میں ایک ساتھ دیکھا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق دونوں جمعہ کی شام لندن کے ہیلی پورٹ پر ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے پہنچے۔

62 سالہ ٹام کروز اور 36 سالہ آنا دے آرمس نے اس ملاقات کے دوران کیژول لباس پہنا تھا۔

ٹام کروز نے سیاہ جینز اور براؤن بٹن ڈاؤن شرٹ زیب تن کی جبکہ آنا دے آرمس نے سفید ٹی شرٹ، جینز، سفید اسنیکرز اور بلیک ٹرینچ کوٹ پہنا تھا۔

رپورٹ کے مطابق دونوں اداکار کافی خوشگوار موڈ میں نظر آئے اور ہیلی پورٹ اسٹاف کے ساتھ خوش گپیوں میں مصروف رہے۔

یہ پہلی بار نہیں کہ دونوں اسٹارز کو لندن میں ایک ساتھ دیکھا گیا ہو، گزشتہ ہفتے بھی یہ دونوں اسی ہیلی پورٹ پر ایک ساتھ نظر آئے تھے۔

اس سے قبل 13 فروری کو لندن میں ایک نائٹ آؤٹ کے دوران بھی انہیں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دونوں اپنے ایجنٹس کے ساتھ رات کے کھانے پر ملے تھے، جہاں مستقبل میں ممکنہ پروجیکٹس پر بات چیت ہو رہی تھی، ان کے درمیان کوئی رومانوی تعلق نہیں بلکہ وہ صرف اچھے دوست ہیں۔

یاد رہے کہ کیوبن نژاد اداکارہ آنا دے آرمس نے 2023ء میں ایک انٹرویو میں ٹام کروز کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے اسٹنٹ ورک کو دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے۔

واضح رہے کہ ٹام کروز کی اگلی فلم مشن امپاسبل دی فائنل ری کوننگ 23 مئی کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید