کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اﷲ خان نے کہا کہ نومبر میں اسلام آباد میں انٹرنیشنل ٹینس کانفرنس کا انعقاد ہوگا جس میں دنیا بھر سے 45 ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے، اس سے نہ صرف دنیا بھر کو پاکستان سے متعلق سافٹ امیج کا پیغام جائے گا بلکہ ملک میں انٹرنیشنل مقابلوں کا بھی آغاز ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ اسکواش کی طرح پاکستانی ٹینس کو بھی بام عروج پر پہنچائیں۔ پاکستان میں گزشتہ کافی عرصے سے قومی سطح پر ٹینس رینکنگ بہت آگے ہے ہمارے کھلاڑیوں دنیا بھر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ اگر انہیں مناسب سہولیات فراہم کئی جائے تو دنیا بھر میں پاکستان کا نام مزید روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں انڈر 12 ، 14 ، 16 کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں جنہیں مختلف ڈیپارٹمنٹ نے ملازمتیں فراہم کئے ہیں تاکہ ان کے کھیل کے مناسب اخراجات پورے ہوسکیں ، ہماری کوشش ہے کہ ہم چھوٹے عمر کے بچوں کو اعلیٰ سطح ٹریننگ دینے کیلئے ایک سال کیلئے تر کی بھیجیں تاکہ وہ جدید ٹیکنیک سے مستفید ہوسکیں اور واپس آکر اپنے ملک کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سپورٹس مین کی حکومت ہے اور ہمیں توقع ہے کہ وہ کھلاڑیوں کے فلاح وبہبود اور انفراسٹکچر کی فراہمی کیلئے غیر معمولی اقدامات اٹھائیں تاکہ نوجوان کھلاڑی اس سے مستفید ہوسکیں۔ ایک سوال کے جواب میں ٹینس فیڈریشن کے سربراہ کا کہنا تھاکہ ہماری کوشش ہے کہ ڈیوس کپ مقابلوں کا انعقاد بھی پاکستان میں ہو۔