• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجود حکومت نے اوورسیز کے مسائل کا احاطہ کیا، حضرت نعیم نقشبندی


معروف مذہبی و دینی شخصیت اور چیئرمین او پی ڈبلیو سی اوورسیز ویلفیئر کونسل حضرت نعیم نقشبندی نے کہا کہ اوپی ایف کے زیراہتمام اپریل میں ہونے والے کنونشن کے انتہائی دورس نتائج برآمد ہوں گے، موجودہ حکومت نے صحیح معنوں میں اوورسیز کی نبض پر ہاتھ رکھتے ہوئے ان کے مسائل کا احاطہ کیا اور ایسی شخصیات کو اوورسیز کی خدمات پر مامور کیا جو کمیونٹی کے اندر اپنی ایک ساکھ رکھتے ہیں۔

حضرت نعیم نقشبندی گزشتہ روز لندن میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے سب سے بڑے وفاقی ادارے پاکستان اوورسیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین مرشد قمر سید قمر رضا جبکہ ایم ڈی افضال بھٹی اور پھر پنجاب اوورسیز کمیشن میں کے امجد ملک کی اپنی اپنی خدمات ہیں جنہوں نے کمیونٹی کے لیے دن رات کام کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج کمیونٹی کو اس طرح جانتے اور پہچانتے ہیں جیسے کوئی فیملی ممبر ہو ،یہ ہی وجہ ہے کہ اوورسیز کا اپنے ملک پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور سرمایہ کاری کی طرف دروازے کھل گئے ایک ایسی فضا قائم ہو رہی ہے جس سے بیرونی سرمایہ دار پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

حضرت نعیم نقشبندی نے کہا کہ یہ ہی وقت ہے کہ ہم اپنے ملک کو مضبوط کریں آپس میں متحد منظم ہو کر کام کریں پاکستان کو ایشیا کا ٹائیگر بنانے کے لیے ہر شخص کو کردار ادا کرنا ہوگا، اپنے اداروں کو مضبوط کریں گے تو پاکستان توانا ہوگا پاکستان کا نام ابھرے گا تو پھر کمیونٹی کے احترام میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں رمضان المبارک کے عشرے میں اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کام کرنے کا عہد کرنا چاہئے تاکہ ملک سے دہشت گردی ختم ہو اور ہم ایک قوم بن کر اپنی سوہنی دھرتی کو خوشحال بنائیں۔

حضرت نعیم نقشبندی نے سید قمر رضا اور افضال بھٹی کی تعیناتی پر انہیں مبارک باد دی۔ اس موقع پر صدر او پی ڈبلیو سی حاجی عابد حُسین کی چیئرمین اور ایم ڈی او پی ایف سے ملاقاتیں ہوئیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید