برطانیہ اور فرانس کے درمیان یورو اسٹار اور لی شٹل کی معمول کی سروس بحال ہوگئی، چینل ٹنل میں منگل کو خلل کے بعد بیشتر ٹرینوں کے تاخیر یا منسوخی سے ہزاروں مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
چینل ٹنل میں اوور ہیڈ پاور سپلائی میں ہونے والی خرابی کو رات بھر کام کرکے دور کیا گیا، یورو اسٹار نے مسافروں کو سفر کے آغاز سے قبل ٹرین کا شیڈول چیک کرنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ ٹرینیں اب بھی تاخیر کا شکار یا منسوخ ہوسکتی ہیں۔
بدھ کی صبح پیرس، برسلز اور ایمسٹرڈیم جانے والی تین ٹرینوں کی منسوخی کے علاوہ تمام ٹرینیں روانہ ہوئیں، یورو اسٹار نے بدھ کو پیرس کیلئے ایک اضافی ٹرین چلانے کا بھی اعلان کیا ہے۔
تاخیر کا شکار مسافر 100 فیصد ریفنڈ اور ٹکٹ کی قیمت کے 150 فیصد ای واچر کے بھی حقدار ہوں گے، فوکسٹون سے چینل ٹنل کے ذریعے گاڑیاں لیجانے والی لی شٹل ٹرینیں بدھ کی صبح تاخیر کے بعد معمول کے مطابق چلنے لگی ہیں۔