• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے اپنی قیادت کی تبدیلی کو مسترد کردیا

فوٹو: برطانوی میڈیا
فوٹو: برطانوی میڈیا 

برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے اپنی قیادت کی تبدیلی کو مسترد کردیا، انہوں نے یقین کے ساتھ کہا کہ آئندہ برس بھی وہی وزیراعظم ہوں گے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے سر کئیر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ مئی میں انگلینڈ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ میں ہونے والے لوکل الیکشنز ان کی حکومت کےلیے ریفرنڈم ہوں گے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کی بیشتر شہری کونسلوں کو لیبر پارٹی چلارہی ہے، جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ الیکشن کے بعد وہ لیبر پارٹی کے ہاتھ سے نکل جائیں گی۔

سر کئیر اسٹارمر کا یہ دعویٰ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جبکہ 2025ء میں اقتصادی ترقی کی رفتار سست ہونے اور ان کی پارٹی کی مقبولیت میں کمی کے بعد قیادت کی تبدیلی کی افواہیں سرگرم ہیں۔

اپنے نئے سال کے پیغام انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ وہ تقسیم اور زوال کی کوششیں کرنے والوں کو شکست دیں گے اور یہ سال مثبت تبدیلی لائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی لانے کےلیے عوام نے 2024ء میں انہیں 5 برس کے لیے منتخب کیا تھا اور مجھے علم ہے کہ آئندہ الیکشن سے قبل وہ میری کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔

کرسمس کے وقفہ کے بعد پیر سے پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہوگا اور اس کے اگلے روز توقع کی جارہی کہ وزیراعظم کابینہ کا اجلاس طلب کرکے وزراء کو اخراجات زندگی کے حوالے سے عوام کی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے اس مسئلہ سے نمٹنے کی تلقین کریں گے۔

کنزرویٹیو پارٹی کی لیڈر کیمی بیڈینوک کا کہنا ہے کہ لیبر حکومت نے اخراجات زندگی کے مسئلہ کو بدتر بنا دیا ہے، حکومت کے پاس ملک کو ٹھیک کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں اور محنت کش خاندان اس کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید