• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مانچسٹر سٹی کی لیڈر آف دی کونسل بیو کریگ کو او بی ای سے نوازا گیا

مانچسٹر سٹی کی لیڈر آف دی کونسل کونسلر بیو کریگ کو مقامی حکومت کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں کنگ چارلس سوم کی جانب سے نیو ایئر آنرز لسٹ 2026ء کے تحت آرڈر آف دی برٹش ایمپائر (او بی ای) سے نوازا گیا ہے۔

ان کا نام اُن شخصیات کی فہرست میں شامل ہے، جنہوں نے اپنی کمیونٹیز اور عوامی زندگی میں نمایاں اور مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔ کونسلر بیو کریگ نے اپنی سیاسی اور سماجی زندگی کا بیشتر حصہ عوامی خدمت کے لیے وقف کر رکھا ہے۔

انہوں نے یونیورسٹی آف مانچسٹر سے گریجویشن کے بعد مقامی حکومت میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا، بعد ازاں اعلیٰ تعلیم اور ٹریڈ یونینز سے وابستہ کردار بھی ادا کیے۔

وہ پہلی بار 2011 میں برنیج وارڈ سے کونسلر منتخب ہوئیں، مانچسٹر سٹی کونسل میں انہوں نے مختلف اہم ذمہ داریاں انجام دیں، جن میں کووڈ-19 عالمی وبا کے دوران بالغوں کی سماجی نگہداشت اور صحت کی ایگزیکٹو ممبر کے طور پر خدمات شامل ہیں۔ بعد ازاں وہ کونسل کی ڈپٹی لیڈر بھی رہیں۔

دسمبر 2021ء میں کونسلر بیو کریگ کو مانچسٹر سٹی کونسل کی لیڈر مقرر کیا گیا اور وہ اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون بنیں۔

ان کی قیادت میں شہر نے ایک جامع اور پائیدار معیشت کے قیام، غربت اور بے گھری کے خاتمے، مقامی کمیونٹیز میں سرمایہ کاری کے فروغ اور نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک پرعزم وژن اپنایا۔

وہ سٹی سینٹر اور مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کر رہی ہیں اور ایک نئی ہاؤسنگ اسٹریٹجی کی قیادت کر چکی ہیں، جس کے تحت مانچسٹر میں حقیقی معنوں میں سستے گھروں کی فراہمی کے لیے ریکارڈ تعداد میں کونسل اور سوشل ہاؤسنگ تعمیر کی گئی ہے۔

قومی سطح پر کونسلر بیو کریگ لوکل گورنمنٹ ایسوسی ایشن کی نائب چیئر اور ایسوسی ایشن کے لیبر گروپ کی لیڈر ہیں، جہاں وہ انگلینڈ بھر میں لیبر گروپس کی نمائندگی کرتی ہیں۔

گریٹر مانچسٹر میں وہ کمبائنڈ اتھارٹی میں مانچسٹر کی نمائندگی کرتے ہوئے متعدد ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں، جن میں معیشت، کاروبار اور جامع ترقی سے متعلق قیادت بھی شامل ہے۔

کونسل لیڈر بیو کریگ نے کہاکہ ’او بی ای حاصل کرنا میرے لیے ایک بڑا اعزاز ہے، اور اسے اپنے شہر کے لیے کی جانے والی خدمات کے اعتراف میں حاصل کرنا میرے لیے اور بھی خاص ہے، مانچسٹر ایک شاندار شہر ہے، جو یہاں کے لوگوں کی وجہ سے منفرد ہے، اور میں فخر کے ساتھ اسے اپنا گھر کہتی ہوں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ’اپنے شہر کی قیادت کرنا ایک بڑی ذمے داری اور اعزاز ہے اور مانچسٹر کو رہنے کے لیے مزید بہتر، منصفانہ اور جامع شہر بنانے کی ہماری کوششوں پر او بی ای ملنا میرے لیے حقیقی اعزاز ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھے گا‘۔

برطانیہ و یورپ سے مزید