• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امید ہے نئے سال میں کشمیریوں کی مشکلات کم ہوں گی، علی رضا سید

کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کے چیئرمین علی رضا سید نے نئے سال کی آمد پر کہا کہ امید ہے نئے سال میں کشمیریوں کی مشکلات کم ہوں گی اور دنیا ان کی مشکلات کو سمجھتے ہوئے ان کے حقوق کے لیے جدوجہد میں ان کا ساتھ دے گی۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جو بھارت نے کئی دہائیوں سے ظلم و ستم کے ذریعے دبایا ہوا ہے۔

علی رضا سید نے کہا کہ کشمیری ہمت نہ ہاریں، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیر کے تنازعے پر اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد کروانے اور اس مسئلے کے پرامن اور کشمیریوں کی مرضی کے مطابق حل کروانے میں ان کا ساتھ دے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کی راہ ہموار کرنے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالنا چاہیے، تاکہ بھارت کشمیری سیاسی قیدیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو فوری رہا کرے، کشمریوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے اور مقبوضہ کشمیر سے اپنی فوجیں واپس بلائے۔

علی رضا سید نے خاص طور پر یاسین ملک، شبیر شاہ اور خرم پرویز کی رہائی کا مطالبہ کیا جو طویل عرصے سے بے بنیاد الزامات کے تحت بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ جب تک کشمیریوں کو بھارت سے آزادی نہیں ملتی، وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید