پاکستانی ٹیم نے جنوبی کوریا میں منعقد ہونے والے ٹیکن 8 ایونٹ میں شاندار کامیابی حاصل کر کے دنیا کی سب سے مضبوط ٹیکن ٹیم ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
پاکستان کی ایک ٹیم نے اس ہفتے سیول میں منعقد ہونے والے ٹیکن 8 ایونٹ میں تاریخی کامیابی حاصل کر کے ٹیکن 8 ای اسپورٹس میں جنوبی کوریا کا دیرینہ تسلط ختم کر دیا۔
اس ٹورنامنٹ کے آغاز میں پاکستانی ٹیم کو سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا اور پہلے دن ہونے والے 3 میچز میں شکست ہوئی لیکن ای اسپورٹس کے شوقین قومی کھلاڑیوں نے ہمت نہیں ہاری اور شاندار کم بیک کرتے ہوئے دوسرے اور تیسرے دن زبردست کارکردگی دکھا کر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔
فائنل راؤنڈ میں پاکستان کا سامنا میزبان جنوبی کوریا کی مایہ ناز ٹیم سے ہوا جو ٹیکن میں اپنی مہارت اور جارحانہ حکمتِ عملی کے لیے مشہور ہے۔
پاکستانی ٹیم نے سخت مقابلے کے باوجود غیر معمولی حکمتِ عملی اور مہارت سے نئی تاریخ رقم کر دی اور اس گیم پر قائم جنوبی کوریا کے دیرینہ تسلط کو ختم کر دیا۔
یہ شاندار کامیابی اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ پاکستانی صرف روایتی کھیلوں کے میدان میں ہی نہیں بلکہ ای اسپورٹس میں بھی پیچھے نہیں رہے۔