وزیراعظم محمد شہباز شریف مدینہ منورہ پہنچ گئے۔ مدینہ آمد پر گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان نے وزیراعظم کا پرنس محمد بن عبدالعزیز ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے وفد کے ارکان میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت دیگر شامل ہیں۔
وزیراعظم مسجد نبویؐ میں روضہ رسولؐ پر حاضری دیں گے اور نماز تراویح و قیام الیل میں شرکت کریں گے۔
اس سے پہلے جدہ میں وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب نے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا اور باہمی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مضبوط دوطرفہ تعلقات باہمی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں۔ پاکستان سے مسلسل تعاون پر ولی عہد کے مشکور ہیں۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری سے ملاقات میں وزیراعظم نے سعودی سرمایہ کاروں کو ایس آئی ایف سی کے تحت مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔