نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عبوری افغان حکومت کے ساتھ مسلسل مکالمے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل رابطوں سے پاکستان کے خدشات دور کرنے اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت افغانستان کے ساتھ تعلقات پر اجلاس ہوا، جس میں پاکستان کے افغانستان کیلئےخصوصی نمائندے محمد صادق نے حالیہ دورہ کابل پر بریفنگ دی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ محمد صادق نے افغان حکام سے ملاقاتوں اور دو طرفہ تعاون پر ہونے والی گفتگو سے آگاہ کیا۔
خصوصی نمائندے برائے افغانستان صادق خان نے21 سے 23 مارچ افغانستان کا دورہ کیا، خصوصی نمائندے نے 22 مارچ کو وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی، ملاقات میں فریقین نے امن و سلامتی، تجارت، اقتصادی تعاون، عوامی روابط اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ خصوصی نمائندے نے افغانستان کیساتھ مسلسل روابط اور مفید تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا، صادق خان نے تمام امور خصوصاً سیکیورٹی معاملات حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا، دونوں فریقین نے اعلیٰ سطح روابط اور مذاکرات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
خصوصی نمائندے نے افغان عبوری وزیر تجارت نورالدین عزیزی سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تجارت، اقتصادی تعلقات، ٹرانزٹ اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر گفتگو ہوئی، صادق خان نے کہا کہ پاکستان مفید تجارتی اور اقتصادی روابط کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے، دونوں ممالک نے تجارت اور رابطوں کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔
واپسی پر خصوصی نمائندے نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو افغان قیادت سے ملاقاتوں پر بریفنگ دی، اسحاق ڈار نے افغان حکام سے ہونے والی بات چیت پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیر خارجہ نے ہدایت دی کہ اعلیٰ سطح روابط، تجارتی اور ٹرانزٹ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔