پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے ترانے اور گلوکار سے متعلق اعلان کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ہر سال کرکٹ کے متوالے ناصرف پی ایس ایل کے میچز میں خوب دلچسپی لیتے ہیں بلکہ انہیں اس لیگ کے اینتھم اور اسے گانے والے گلوکار کا نام جاننے کا بھی بے صبری سے انتظار ہوتا ہے۔
شائقین کے دلوں کو دھڑکانے کے لیے پی سی بی نے اس سال بھی پی ایس ایل 10 کے آفیشل ترانے کے گلوکار کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ایس ایل کی جانب سے شیئر کی گئی نئی پوسٹ کے مطابق اس سال بھی نوجوانوں کے پسندیدہ گلوکار علی ظفر پی ایس ایل کے گانے میں آواز کا جادو جگائیں گے۔
پی ایس ایل کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سیزن 10 کے ترانے کا ایک پوسٹر جاری کیا گیا ہے جس میں علی ظفر کو نقاب میں دیکھا جا سکتا ہے۔
اس پوسٹ میں ترانے کے ٹائٹل کے حوالے سے تو تاحال کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں جبکہ بتایا گیا ہے کہ جلد ہی پی ایس ایل کا ترانہ علی ظفر کی آواز میں ریلیز کیا جائے گا۔
ہر دلعزیز گلوکار علی ظفر متعدد بار پی ایس ایل کا ترانہ گا چکے ہیں۔
گزشتہ سیزن میں بھی پی ایس ایل اینتھم ’کُھل کے کھیل‘ میں انہوں نے ہی اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کا آغاز 11 اپریل سے ہو گا، یہ ایونٹ 18 مئی تک کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں منعقد ہو گا۔