کراچی کے علاقے ملیر ہالٹ میں میاں بیوی اور بچے کو کچلنے کے کیس میں ٹینکر ڈرائیور اور ہیلپر کا ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔
پولیس نے ٹینکر ڈرائیور اور ہیلپر کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا تھا، عدالت نے ملزمان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
اس سے قبل سماعت کے دوران تفتیشی افسر منصور علی کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی اور کہا گیا کہ ملزم کے خلاف مقدمے میں دفعہ 322 شامل کر دی ہے۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم سے تفتیش کرنی ہے کہ کہیں یہ واقعہ ذاتی دشمنی کا تو نہیں، ہم نے ٹینکر مالک کا بھی معلوم کرنا ہے۔
عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ ہیوی ٹریفک کا تو ان اوقات میں داخلہ بھی ممنوع ہے، یہ بھی معلوم کریں جس روٹ پر یہ ٹینکر آ رہا تھا اسے اجازت تھی یا نہیں؟
عدالت میں ملزم کے وکیل نے کہا کہ واٹر ٹینکرز کو سڑکوں پر آنے کی اجازت ہے۔
واضح رہے کہ ملزم کے خلاف تھانہ ماڈل کالونی میں مقدمہ درج ہے۔