دُنیا کا سب سے زیادہ تیزی سے بڑھنے والا درخت پاؤلونیا (Paulownia) ہے۔ یہ درخت عمودی ہوتا ہے اور اِس کو آگ نہیں لگتی۔ یعنی یہ فائرپروف ہوتا ہے۔ یہ درخت جرمنی میں پایا جاتا ہے۔ پاؤلونیا سالانہ 6 میٹر سے زیادہ بڑھنے کا ریکارڈ رکھتا ہے۔ فائر پروف لکڑی کا حامل یہ درخت ماحول دوست ہے اور ہر مُلک کی زمین کی ساخت اور موسمی حالات میں پروان چڑھ سکتا ہے۔
گرچہ اس درخت کی لکڑی ہلکی ہوتی ہے، لیکن نہایت پائےدار ہوتی ہے، اس لیے فرنیچر، بحری جہاز اور بہت سے آلاتِ موسیقی اسی لکڑی سے تیار کیے جاتے ہیں۔ پاؤلونیا کی لکڑی خوب صُورت اور بغیر گانٹھ کےہونے کی وجہ سے خاصی منہگی ہوتی ہے اور جرمنی میں فرنیچر اور بحری جہازوں سمیت دیگر کئی اشیاء کی تیاری کے لیے مذکورہ درخت کے جنگلات خاصی تعداد میں اُگائے جا رہے ہیں۔
موسمِ بہار میں اس درخت پر انتہائی خُوب صُورت جامنی رنگ کے پُھول بکثرت پیدا ہوتے ہیں، جن کی خوش بُو انتہائی مسحور کُن ہوتی ہے۔ نیز، اِس درخت کے بِیج بھی بکثرت ہوتے ہیں۔ یعنی اگر کسی شخص نے پاؤلونیا کا ایک درخت لگالیا، تو وہ پورے علاقے کو بِیج فراہم کرسکتا ہے۔
علاوہ ازیں، سب سے اچّھا شہد بھی اِسی درخت سے حاصل کیا جاتا ہے۔ جب کہ اِس کے پتّے وٹامنز سے بھرپور ہوتے ہیں۔واضح رہے، پاؤلونیا کو سفیدے کے درخت کی طرح بڑی مقدار میں پانی درکار نہیں ہوتا۔ اس کے پتّے کافی چوڑے ہوتے ہیں اور اِس درخت کوآکسیجن کی کمی پوری کرنے کے لیےبھی بہترین تصوّر کیا جاتا ہے۔ (نسرین اختر نینا، اسلام آباد)