اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد ) پاکستان میں مکمل تیار شدہ40 گاڑیوں کی پہلی کھیپ جاپان کو برآمد، پلانٹ پر منعقدہ تقریب میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ، سیکرٹری صنعت سمیت دیگر کی شر کت ،پاکستان کی آٹو موٹیو صنعت کے لئے ایک سنگِ میل کامیابی کے طور پر ملک کی بڑی کار ساز کمپنی نے مکمل تیار شدہ (Completely Built-Up - CBU) یونٹس کی ملک سے پہلی برآمد کا آغاز کیا۔ تقریب کمپنی کے پلانٹ میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان تھے۔تقریب میں دیگر اہم سرکاری اور صنعتی شخصیات نے بھی شرکت کی جن میں سیکرٹری وزارتِ صنعت و پیداوار سیف انجم اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او خدابخش علی شامل تھے۔ کمپنی نے 1.2L کی 40 گاڑیوں کی پہلی کھیپ جاپان کو برآمد کی ۔ہارون اختر خان نے پلانٹ کا دورہ کیا اور ادارے کی جدید سہولیات، معیار اور برآمدات کے لیے خدمات کو سراہا اور اسے حکومت کے معاشی ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ قرار دیا۔ اس موقع پر کمپنی کے چیئرمین عامر ایچ شیرازی نے کاروبار دوست ماحول کے فروغ میں حکومتی تعاون کو اجاگر کیا جبکہ HACPL کے صدر و سی ای او تاکافومی کوئیکے نے کمپنی کی ٹیکنالوجی میں جدت پر روشنی ڈالی۔