مقبوضہ کشمیر، بنگلادیش اور بھارت میں بھی آج عیدالفطر منائی جارہی ہے۔
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کی جامع مسجد میں نماز عید کا بڑا اجتماع منعقد کیا گیا، ممبئی کی جامع مسجد ماہم درگاہ، مدھیہ پردیش اور بھوپال میں بھی نماز عید کی ادا کی گئی۔
دوسری جانب عمان، انڈونیشیا اور برونائی میں بھی آج عید منائی جارہی ہے، برطانیہ، امریکا، کینیڈا میں مسلم کمیونٹی تقسیم ہے، جس کی وجہ سے بعض نے کل عید منائی اور بعض آج عید منا رہے ہیں۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور فلسطین میں اتوار کو عیدالفطر منائی گئی، مسجدالحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ میں ہزاروں فلسطینیوں نے نماز عید میں شرکت کی، متحدہ عرب امارات میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔
قطر کے فٹبال اسٹیڈیم میں عید الفطر کے اجتماع میں ہزاروں افراد نے نماز عید ادا کی۔ کویت، بحرین، یمن، لبنان، ترکیے اور البانیا میں بھی اتوار کو عید منائی گئی۔
علاوہ ازیں برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی گئی ہے۔