اداکار یاسر نواز نے اہلیہ ندا یاسر کے تیز غصے سے متعلق بڑا انکشاف کر دیا۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف جوڑے یاسر نواز اور ندا یاسر اپنی خوش گوار ازدواجی زندگی اور کامیاب کیریئر کے لیے جانے جاتے ہیں۔
یاسر نواز اور ندا یاسر نے ہمیشہ اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا ہے، جس کی وجہ سے ان کے مداح ان سے بے حد محبت کرتے ہیں۔
حال ہی میں یاسر نواز نے نجی ٹی وی کے عید اسپیشل شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی کے کچھ دلچسپ اور حیران کن واقعات کا ذکر کیا۔
یاسر نواز نے انکشاف کیا کہ ندا یاسر کا غصہ بعض اوقات بے حد شدت اختیار کر لیتا ہے، خاص طور پر جب میں ان کی بات نہ مانوں اس وقت۔
یاسر نواز نے بتایا کہ ایک بار ندا نے مجھ سے کسی بات پر جھگڑا کیا اور وہ غصے سے بھرپور تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے اس دوران ٹی وی آن کیا اور آواز کو تیز کر دیا، ندا نے اس پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے ایک اسٹیل کی بوتل ٹی وی پر دے ماری، جس سے اسکرین میں دراڑ پڑ گئی۔
ایک اور دلچسپ اور حیران کن واقعہ بیان کرتے ہوئے یاسر نواز نے کہا کہ ندا نے مجھ سے ایک ڈرامے میں ایک اداکارہ کو کاسٹ نہ کرنے کا مطالبہ کیا، جب میں نے انکار کیا تو ندا نے شدید غصے میں آ کر میرا لیپ ٹاپ توڑ دیا۔
یاسر نے ہنستے ہوئے کہا کہ ندا نے لیپ ٹاپ پر چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں لیپ ٹاپ مکمل طور پر ناکارہ ہو گیا۔
ندا یاسر کے غصے کے بارے میں یہ انکشافات سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئے، مداحوں نے یاسر نواز کے اندازِ بیان اور ان کی مزاحیہ گفتگو کو پسند کیا ہے، لیکن کچھ لوگوں نے ندا یاسر کے اس رویے کو نامناسب قرار دیا۔