پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکار جوڑی منیب بٹ اور ایمن خان نے اپنی کامیاب شادی کا راز بتا دیا۔
منیب بٹ نے حال ہی میں جیو ٹی وی کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں اپنی اہلیہ اداکارہ ایمن خان کے ساتھ شرکت کی جہاں ان دونوں سے یہ سوال پوچھا گیا کہ اداکاروں کی شادیاں اکثر کامیاب نہیں ہوتیں تو آپ دونوں میں ایسی کونسی خصوصیات ہیں جن کی وجہ سے آپ کی شادی کامیاب ہے؟
ایمن خان نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شادی کو کامیاب بنانے کے لیے انسان کی شخصیت میں تحمل کا ہونا لازمی ہے جو کہ ہم دونوں میں ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کوئی بھی رشتہ ایک ماہ میں ہی کامیاب نہیں ہوتا، شادی کے بعد دونوں میاں بیوی کو ایک دوسرے کو سمجھنے میں تھوڑا وقت لگتا ہے۔
منیب بٹ نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہر شادی شدہ جوڑے کی زندگی مختلف ہوتی ہے مگر کوئی بھی میاں بیوی یہ تو نہیں چاہتے کہ ان کی شادی طلاق پر ختم ہو لیکن جب بھی کوئی طلاق ہوتی ہے تو میاں بیوں کے درمیان کچھ نہ کچھ ایسی وجوہات ضرور ہوتی ہیں جن کی وجہ سے وہ مجبور ہو کر طلاق کا فیصلہ کرتے ہیں جو کہ ہم باہر والے لوگوں کو نہیں معلوم ہوتیں۔
اُنہوں نے اپنی شادی کی کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا اپنا یہ ماننا ہے کہ جب بھی انسان شادی کرنے لگے تو سب سے پہلے یہ بات ذہن نشین کر لے کہ اب اس کو اپنی شخصیت میں تبدیلی لانی پڑے گی کیونکہ اب ایک مختلف گھر اور ماحول میں پرورش پانے والی لڑکی آپ کی زندگی میں داخل ہو رہی ہے۔
اداکار نے مزید کہا کہ اس لیے شادی کے بعد ایسا نہیں ہو سکتا کہ جیسا آپ چاہو گھر میں سب کچھ بالکل ویسا ہو، آپ کو کچھ اپنی بیوی کی بھی سننی پڑے گی تب آپ کچھ اپنی باتیں بھی منوا لیں گے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ شادی کو کامیاب بنانے کے لیے انسان کو اپنی شخصیت میں تھوڑی لچک پیدا کرنی پڑتی ہے، جو انسان اس ضد پر اڑ جاتا ہے کہ میں نے پچھلے 25 سال زندگی ایسے ہی گزاری ہے تو آگے بھی میں نے خود کو نہیں بدلنا تو پھر ایسے انسان کی شادی کامیاب نہیں ہو سکتی۔