بجلی کی فی یونٹ اوسط قیمت میں7.41روپے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد فی یونٹ اوسط قیمت45.05 روپے سے کم کرکے 37.64 روپے کردی گئی۔
دستاویز کے مطابق گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 7.15 روپے کمی کی گئی، کمرشل صارفین کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 8.58 روپے کمی کی گئی، کمرشل صارفین کیلئے فی یونٹ بجلی 71.06روپے سے کم کرکے 62.47 روپے کر دی گئی۔
جنرل سروسز کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 7.18 روپے کمی کی گئی،
جنرل سروسز کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت 56.66 روپے سے کم کرکے 49.48 روپے مقرر کی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق صنعتی صارفین کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں7.69روپے کمی کے بعد صنعتی صارفین کیلئے فی یونٹ بجلی48.19 روپے سےکم کرکے40.51 روپے کردی گئی۔
بلک سپلائی کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 7.18 روپے کمی کردی گئی،
بلک سپلائی کیلئے بجلی فی یونٹ قیمت55.05 روپے سے کم کرکے 47.87 روپے کردی گئی۔
دستاویز کے مطابق زرعی شعبے کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں7.18 روپے کمی کردی گئی، زرعی شعبے کیلئے بجلی فی یونٹ قیمت 41.76 روپے سے کم کرکے 34.58 روپے کر دی گئی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا بڑا اعلان کیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2 ہزار تین سو 93 ارب روپے کے گردشی قرضے کے خاتمے کا بھی بندوبست کرلیا ہے، اگلے پانچ سال میں گردشی قرضہ گردش نہیں کرے گا، ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے آئی ایم ایف کو راضی کرنا انتہائی مشکل کام تھا، آرمی چیف اور ان کے رفقا کا معاشی استحکام کے لیے بھرپور تعاون رہا۔