• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّفہ: پروفیسر عظمیٰ مسعود

صفحات: 332

قیمت: 1600روپے

ناشر: قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل، یثرب کالونی، والٹن روڈ، لاہور کینٹ۔

فون نمبر: 0515101 - 0300

عظمیٰ مسعود ماہرِ تعلیم ہیں، لیکن ادب سے بھی اُنہیں خصوصی لگاؤ ہے، اُن کی خود نوشت ہمارے پیشِ نظر ہے، جسے اُنہوں نے’’داستاں‘‘ کا نام دیا ہے۔ اُن کی ہر ہر سطر سے اُن کی حب الوطنی نمایاں ہے۔گرچہ اپنی داستاں لکھنا بہت مشکل کام ہے، لیکن یہ فرض عظمیٰ مسعود نے نہایت خوش اسلوبی سے ادا کیا ہے۔ یہ ایک طویل جدوجہد کی کہانی ہے، جسے اُنہوں نے بہت دیانت داری کے ساتھ قلم بند کردیا ہے، کتاب پڑھنے کے بعد اندازہ ہوا کہ مُلکی سیاست پر بھی اُن کی گہری نظر ہے۔ 

انہوں نے اپنی داستانِ حیات کو جگ بیتی بنانے سے گریز کیا ہے، بس اپنے زندگی بھر کے تجربات و مشاہدات اِس کتاب میں سمو دیئے ہیں۔ خود نوشتوں میں عام طور پر مبالغہ آرائی سے کام لیا جاتا ہے، لیکن زیرِ تبصرہ کتاب اِس بدعت سے پاک ہے۔ عظمیٰ مسعود نے اِس کتاب کو38عنوانات میں تقسیم کیا ہے اور ہر عنوان ایک نئی کہانی کو جنم دیتا ہے۔

پھر مختلف موضوعات کی یک جائی نے بھی اِس کتاب کو ایک تاریخی دستاویز بنا دیا ہے، جس میں نہایت آسان زبان میں اپنا مافی الضمیر بیان کیا گیا ہے۔ یہ ایک سچّی اور محبِ وطن خاتون کی داستانِ حیات ہے، جسے پڑھ کر بہت کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ عظمیٰ مسعود کا پیش لفظ بھی بہت جان دار ہے، جس نے اُن کا پیش لفظ پڑھ لیا، پھر وہ کتاب پڑھے بغیر نہیں رہ سکتا۔ کتاب کے ناشر، علّامہ عبدالستار عاصم قابلِ تحسین ہیں کہ اپنے ادارے کی جانب سے مسلسل اہم کتابیں شائع کر رہے ہیں۔