مصنّف: محمّد جاوید پاشا
صفحات: 192
قیمت: 2000روپے
ناشر: قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل، یثرب کالونی، والٹن روڈ، لاہور کینٹ۔
فون نمبر: 0515101 - 0300
زیرِ نظر کتاب کے خالق کا تعلق ایک علمی وادبی گھرانے سے ہے۔ وہ ممتاز گیت نگار اور کہانی نویس،ناظم پانی پتی کے صاحب زادے ہیں۔ جاوید پاشا کی ہمہ جہت شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ وہ ادیب بھی ہیں اور صحافی بھی، اخبارات و جرائد میں اُن کے کالم اور مضامین شائع ہوتے رہے ہیں۔ ریڈیو سے اُن کی طویل وابستگی ہے۔
کم و بیش25برس سے ریڈیو ڈرامے اور فیچر پروگرام لکھ رہے ہیں۔ زیرِ نظر کتاب ریڈیو کی تاریخ اور اسلوب پر ادبی، معلوماتی اور تحقیقی دستاویز کا درجہ رکھتی ہے۔ محمّد طاہر حسن، مہر اظہر علی اور ریاض محمود نے بھی اپنے مضامین میں اِس کتاب کی اہمیت و افادیت اجاگر کی ہے۔یہ کتاب ریڈیو، ریڈیو ڈراما اور اُس کے لوازمات، اس سے جڑے واقعات اور حقائق کی ایک دستاویزی شکل بھی ہے۔ ایک حصّہ ریڈیو کی ایجاد اور ابتدائی دَور سے متعلق ہے، جس میں برّ ِصغیر میں ریڈیو کی آمد اور قیامِ پاکستان کے بعد ریڈیو پاکستان سے متعلق تفصیلات ہے۔
ان ادوار میں مرکزی توجّہ ریڈیو ڈرامے کو دی گئی۔نیز، ریڈیو ڈراما تحریر کرنے کی تیکنیک، اس کے لوازمات، موضوعات، کردار نگاری، مکالمہ نگاری اور منظر کشی پر بھی سیر حاصل گفتگو ہے۔ اِس سے قبل جاوید پاشا کی ایک کتاب’’سات دن ڈھاکا میں‘‘ شائع ہو چُکی ہے۔نیز،مصنّف کو حکومتِ پاکستان اور نجی اداروں کی جانب سے اعلیٰ کارکردگی پر کئی ایوارڈز اور اعزازات سے بھی نوازا گیا ہے۔