مرتّب: غلام عباس
صفحات: 128
قیمت: 1000 روپے
ناشر: اُردو سخن، اردو بازار، چوک اعظم، لیہ۔
فون نمبر: 7844094- 0302
اگر شبیر ناقد کو’’سراپا ادب‘‘ کہا جائے، تو غلط نہ ہوگا۔ اُن کی زندگی کا سب سے بڑا مسئلہ، ادب ہے اور ادب کی ہر جہت پر اُن کا کام موجود ہے۔ اُن کی تقریباً47 نثری اور شعری تصانیف منظرِ عام پر آچُکی ہیں، جن میں 22شعری، جب کہ25 تنقیدی اور تحقیقی حوالوں سے ہیں۔ زیرِ نظر کتاب کے مرتّب نے شبّیر ناقد کے مجموعہ ہائے کلام ’’صلیبِ شعور‘‘ اور ’’آہنگِ خاطر‘‘ کو موضوعِ گفتگو بنایا ہے۔
اِس میں شبّیر ناقد کی نظیمات کو فکری وفنی حوالوں سے زیرِ بحث لایا گیا ہے۔ یہ کتاب دو ابواب پر مشتمل ہے۔ پہلے باب کا عنوان،’’ شبّیر ناقد کی نظم کا انتقادی مطالعہ، صلیبِ شعور کے تناظر میں‘‘ اور دوسرے باب کا عنوان ’’شبّیر ناقد کی نظم نگاری آہنگِ خاطر کے پس منظر میں‘‘ ہے۔ غلام عباس نے یہ کتاب مرتّب کرکے حقِ رفاقت ادا کیا ہے۔اگر وہ شبیر ناقد کے پرستاروں میں شامل رہے، تو وہ بھی دنیائے ادب میں اپنی شناخت کروانے میں کام یاب ہو جائیں گے۔