پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 46 ویں برسی پر گڑھی خدا بخش میں خطاب کرتے ہوئے جن امور کا احاطہ کیا ہے وہ پاکستان کے حقیقی مسائل ہیں۔ مثبت سیاست سے انکا حل نکالنا ہی وقت کا تقاضا ہے۔آج ملک ہر طرف سے مسائل میں گھرا ہوا ہے۔معاشی بہتری کے باوجود مشکلات جاری ہیں اور دہشتگردی عروج پر ہے۔اندرونی سیاست اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ پورے معاشرے کا نقصان ہو رہا ہے۔ چاروں صوبوں کو چاروں بھائی قرار دیتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا بالکل بجا ہے کہ وہ ایک ہو جائیں تو کوئی پاکستان کی ترقی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے اس امر کی صحیح نشاندہی کی کہ بین الاقوامی سازشوں اور ہماری اپنی غلطیوں سے دہشتگردی عروج پر ہے۔ہمیں اپنے اختلافات ایک طرف رکھ کر دہشتگردوں کے خلاف یکجا ہونا پڑے گا۔جمہوریت کیلئے اور دہشتگردی کیخلاف اپنی والدہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی تاریخی جدوجہد پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ صدر آصف زرداری نے ان کی شہادت کے بعد پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک کو بچایا۔18ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو خود مختاری دی۔بلاول نے ذوالفقار علی بھٹو کو بھی شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا کہ انہوں نے ملک کو آئین اور ایٹم بم کا تحفہ دیا ،جمہوریت،مزدوروں، کسانوں کو حقوق اور پسے ہوئے طبقوں کو آواز دی۔بلاول بھٹو نے حکومت کی کامیابیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔انکا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ وفاق کے ساتھ کھڑے رہیں گے لیکن مشاورت کے بغیر بجٹ کو ووٹ نہیں دیں گے۔ عوام کہیں گے کہ نہریں نامنظور تو پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہو گی۔ملک عملا حالت جنگ میں ہے وقت کا تقاضا ہے کہ تمام پارٹیاں اور سیاسی رہنما مل جل کر کام کریں۔