بھارتی ریاست کیرالہ کے شہر کوچی میں ایک نجی کمپنی میں ٹارگیٹ پورا نہ کرنے پر ملازم کو ’کتا‘ بنادیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کوچی میں واقع ایک نجی مارکیٹنگ کمپنی کے دفتر سے سامنے آنے والی ایک مبینہ ہراسانی کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر دیا۔
ویڈیو میں ایک ملازم کو گھٹنوں کے بل رینگتے ہوئے دکھایا گیا، جس کی گردن میں پٹا تھا، جیسے کہ اسے ’ایک پالتو کتا‘ بنایا گیا ہو۔
رپورٹس کے مطابق، کچھ ملازمین کو فرش پر پڑے سکے چاٹنے پر بھی مجبور کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ ’سزا‘ سیلز کے اہداف پورے نہ کرنے والے ملازمین کو دی گئی ہے۔
کیرالہ کے لیبر وزیر نے ویڈیو کو خوفناک اور پریشان کن قرار دیتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مقدمات درج کروادیے۔
دوسری جانب پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد ویڈیو کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے ایک سابق منیجر مناف نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر کچھ ٹرینی ملازمین کے ساتھ مل کر ویڈیو تیار کی۔
ویڈیو میں نظر آنے والا شخص بھی پولیس کو دیے گئے بیان میں کہہ چکا ہے کہ اس نے ویڈیو رضاکارانہ طور پر بنائی اور یہ کمپنی کے اندرونی تنازع کے بعد پھیلائی گئی، تاہم پولیس اور لیبر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں اور مکمل رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔