امریکی جج نے ٹرمپ انتظامیہ کو امریکی خبر ایجنسی پر عائد پابندی ہٹانے اور صدارتی تقریبات تک خبر ایجنسی کے نمائندوں کی رسائی کو بحال کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکا کے وفاقی جج نے وائٹ ہاؤس کوحکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو کسی میڈیا ادارے کو ان کے نظریات کی بنیاد پر پابندی لگانے کا حق حاصل نہیں ہے۔
وفاقی جج نے حکومتی فیصلے کو امریکی آئین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی آئین کی پہلی ترمیم آزادیٔ اظہار اور پریس کی آزادی کی ضمانت دیتی ہے۔
جج نے وائٹ ہاؤس کو فیصلے پر عمل درآمد کے لیے 5 دن کی مہلت دے دی تاکہ وہ جواب دے یا اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کرے۔
خیال رہے کہ خلیجِ میکسیکو کا نام بدل کر خلیجِ امریکا نہ لکھنے پر وائٹ ہاؤس میں امریکی خبر ایجنسی کے صحافیوں اور فوٹو گرافر کو فروری کے وسط سے اوول آفس اور ایئر فورس ون پر سفر کرنے سے غیر معینہ مدت تک روک دیا گیا تھا۔