وزیرِ اعظم آزاد کشمیر انوار الحق نے کہا ہے کہ را بلوچستان اور کشمیر کے اندر ریاستی دہشت گردی کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم آزاد کشمیر انوار الحق نے کہا کہ بھارتی میڈیا اس حد تک درندگی پر آچکا ہے کہ لائیو کوریج کر رہا ہے۔
وزیرِ اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت کشمیر میں ففتھ جنریشن وار کر رہا ہے، پاکستان مسئلہ کشمیر کے لیے چٹان کی طرح کھڑا رہے گا، ماؤں بہنوں سے زیادتی اور پیلٹ گن استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انوار الحق نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر اپنے منطقی انجام تک پہنچے گی۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے مذموم حربے کامیاب نہیں ہونے دیں گے، بھارتی ظالمانہ ہتھکنڈے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتے۔
امیر مقام نے کہا کہ سلامتی کونسل کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل کرائے، خطے میں امن مسئلہ کشمیر کے حل سے منسلک ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا ہر طرح کا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔