راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج رائے محمد ایوب خان مارتھ نے جہلم چپ فیکٹری نذر آتش کیس میں 104ملزمان کو مفرور ہونے پر باقاعدہ اشتہاری قرار دیتے ہوئے دائمی وارنٹ گرفتار جاری کر دیئے، گزشتہ سال 21نومبر کو جہلم پولیس نے چپ فیکٹری اور رہائش گاہوں کو نذر آتش کرنے کے الزام میں تین مقدمات درج کئے تھے ان مقدمات میں 80سے زائد ملزمان گرفتار ہوکر ضمانت پر ہیں جبکہ لیکن مقدمہ نمبر 529اور 530میں محمد قاسم وغیرہ 55ملزم مفرور تھے جن کی تلاش میں ناکامی کے بعد اشتہاری کارروائی مکمل ہونے کے بعد گزشتہ روز عدالت نے انہیں باقاعدہ اشتہاری قرار دیدیا اور پولیس کو حکم دیا کہ جب اور جہاں بھی ملزم گرفتار ہوں انہیں عدالت میں پیش کیا جائے، مقدمہ نمبر 530میں شکیل وغیرہ 49ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔