• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اورنگی، کوچ کی ٹکر، موٹرسائیکل سوار خاتون ٹائر تلے کچلی گئی، دیگر واقعات، 4 افراد جاں بحق

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) مین شاہراہ اورنگی زیڈ ایم سی آفس کے قریب 7اسٹار روٹ کی کوچ نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 45 سالہ امبرین کوچ کے ٹائر کے نیچے آ کر جاں بحق ہو گئی،پولیس کے مطابق حادثے کے ذمہ دار کوچ ڈرائیور اسلم ولد محمد عالم کو گرفتار کر کے کوچ کو قبضہ میں لے لیا گیا ہے،واضح رہے کہ رواں برس بس کی ٹکر سے جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہو گئی ہے، ڈیفنس موڑ کے قریب ٹریفک حادثے میں 55 سالہ صابر حسین جاں بحق ہو گیا ،پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ تیز رفتار ی کے باعث موٹر سائیکل سوار روڈ پر کھڑے واٹر ٹینکر سے جا ٹکرایا ،لیاری ایکسپریس وے پُل گلشن کے قریب ٹریفک حادثے میں 18 برس کا نوجوان جاں بحق ہو گیا ، فوری شناخت نہیں ہو سکی ،کورنگی ڈھائی نمبر چنیوٹ اسپتال کے قریب اسکول وین اور ریڈ بس میں تصادم ہوا تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ لیاری ایکسپریس وے سہراب گوٹھ ٹول کے قریب مکسچر ٹرک نے تین گاڑیوں کو ٹکر مار دی، واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، گاڑیوں کو نقصان پہنچا ،ڈرائیور کو حراست میں لےلیا گیا ہے، علاوہ ازیں سائٹ ایریا ولیکا اسپتال کے قریب کمپنی میں کام کے دوران سر پر وزنی چیز گرنے سے مزدور 35سالہ واحب جاجاں بحق ہو گیا ، جمعہ گوٹھ کے قریب ٹرین کی زد میں آکر ایک شخص شدید زخمی ہو گیاجو بعد ازاں دوران علاج جناح اسپتال میں چل بسا ،متوفی کی عمر 45 برس کے قریب ہے تاہم فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی۔