اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بلوچستان کی اقتصادی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کے حصول کے لئے صوبائی حکومت کی ہرممکن مدد کی جائیگی‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے وزیراعلیٰ نواب ثناءاللہ زہری سے کیا جنہوں نے ان سے بدھ کو ملاقات کی۔ اس موقع پر بلوچستان کی سماجی و معاشی صورتحال اور صوبے کے اہم منصوبوں پر ہونیوالی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناء وزیر خزانہ سے جاپان کے سفیر تاکاشئی کورائے نے بھی ملاقات کی۔ جاپانی سفیر نے وزیراعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران جاپانی سفیر نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں بہتری کی پاکستانی کوششوں میں جاپان اپنی مدد جاری رکھے گا۔ وزیر خزانہ نے توانائی کے شعبے میں جاپانی امداد کو سراہا اور کہا کہ پاکستان توانائی کی قلت پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہے۔