مرتب: محمّد ہمایوں ظفر
میرے والد عبدالحق 1948ء میں فیصل آبادمیں پیدا ہوئے۔7سال کی عمر میں ان کے والد یعنی میرے دادا کا سایہ سر سے اٹھ گیا، جس کے بعد سخت مشکل حالات کا مقابلہ کیا۔ محنت مزدوری کے ساتھ ساتھ آٹھویں جماعت کا امتحان پاس کیا اور محکمۂ پولیس میں کانسٹیبل بھرتی ہوگئے۔
بعدازاں، 1971ء کی جنگ سے کچھ عرصہ قبل سابق مشرقی پاکستان (موجودہ بنگلادیش) بھیج دیئے گئے۔ تاہم، جنگ سے چند ماہ قبل ان کا تبادلہ فیصل آباد کردیا گیا، جہاں حوالدار کے عہدے سے ترقی کرتے ہوئے اسپیشل برانچ میں اے ایس آئی مقرر ہوئے اور پھر اپنی خداداد صلاحیتوں کے باعث بہت جلد ایس پی کے خاص سیاسی ڈائری نویس بن گئے۔
اس دوران انہوں نے میٹرک کا امتحان پاس کیا۔ 29سالہ طویل ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنا زیادہ تر وقت دینی و سیاسی کتب اور اخبارات کے مطالعے میں گزارنے لگے۔ انہوں نے ہم تمام بہن، بھائیوں کو بچپن ہی میں اردو زبان میں اس قدر طاق کردیا تھا کہ محلّے کا کوئی طالبِ علم ہمارامقابلہ نہیں کرسکتا تھا۔
میرے والد انتہائی ہنس مُکھ اور سادہ لوح تھے۔ گھر کے کام اپنے ہاتھ سے کرنے میں خوشی محسوس کرتے۔ ہم تمام بھائی، بہنوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے ساتھ بہترین تربیت بھی کی، اور یہ ان ہی کی تعلیم و تربیت کا نتیجہ ہے کہ آج ہم سب بھائی اعلیٰ سرکاری عہدوں پر فائز ہیں۔
ہماری والدہ اکثر بیمار رہتی تھیں، تو اُن کی تیمار داری میں بھی کبھی کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھی۔ ہم بہن، بھائیوں میں سے اگر کوئی بیمار ہو جاتا، تو رات بھر جاگتے رہتے، اُٹھ اُٹھ کر اپنے ہاتھوں سے دوا کھلاتے۔ وہ انتہائی ہم درد اور شفیق انسان تھے، ہر ایک اُن سے ملنے کے بعد اُن کا گرویدہ ہو جاتا تھا۔
وہ ہمارے لیے قطعاً ایک روایتی باپ نہیں تھے، شفیق والد ہونے کے ساتھ ایک اچھے دوست بھی تھے۔ زندگی نظم و ضبط سے گزارنے کی وجہ سے شاذ و نادر ہی کبھی بیمار پڑتے، لیکن چوں کہ موت برحق ہے، کوئی نہ کوئی بہانہ ڈھونڈ ہی لیتی ہے، لہٰذا انتقال سے دو روز قبل سردی لگنے سے بخار میں مبتلا ہوئے۔
اسی دوران دل کا شدید دورہ پڑا، جو جان لیوا ثابت ہوا اور 20دسمبر 2021ء کی شام ہم سب کو اکیلا کرگئے۔ ہمارے والد نے زندگی بھر ہمیں اس قدر خلوص، محبت اور شفقت سے نوازا کہ ہم رہتی دنیا تک اُنھیں بھلا نہ پائیں گے۔ اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ اُنھیں جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ہمیں اُن کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا کرے۔ (آمین) (ضیاء الحق/ فرح مریم،فتح آبادی غربی،نزد جھال چوک، فیصل آباد)