کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما پارلیمانی سیکرٹری برائے سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی صمد خان گورگیج نے گزشتہ روز جی ایم سوئی سدرن گیس سے انکے دفتر میں ملاقات کی ،ملاقات میں پی بی 40 میں گیس سے متعلق مسائل اور انکے جلد حل پر بات چیت کی گئی۔ جی ایم سوئی سدرن گیس نے تعاون اور مسائل کو فوری حل کرانے کی یقین دہانی کرائی، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما در محمد ہزارہ، میر حیدر رئیسانی،ملک عزیز اچکزئی، علی شاہ ودیگر بھی پارلیمانی سیکرٹری کے ہمراہ تھے ۔بعد ازاں صمد گورگیج پیپلزپارٹی کے رہنما درمحمد ہزارہ کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی سے ملاقات کی اور انہیں ہزارہ ٹاؤن سمیت پی بی 40کے مسائل سے آگاہ کیا،انہوں نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ ہزارہ ٹاؤن میں مقامی مافیا کا اداروں کے اہلکاروں کے ساتھ گٹھ جوڑ عوام کے لئے وبال جان بنا ہوا ہے، خاص کر ٹینکر مافیا عوام کو لوٹ رہا ہے، وزیر اعلی نے مسائل کے حل کے لئے مکمل تعاون اور فوری اقدامات کے علاوہ مافیاز کی بیخ کنی کی یقین دہانی کرائی۔ صمد گورگیج نے کہا کہ عوام کی خدمت اور اجتماعی ترقیاتی منصوبے ہمارا مشن ہے ،تمام رکاوٹیں ہٹاکر عام آدمی کو پانی بجلی تعلیم اور صحت کی سہولیات پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں ۔