اسلام آباد (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وسیم اختر کے انکشافات انتہائی اہم ہیں ،12مئی کا دن پاکستانی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایسا خوفناک دن تھا کہ چیف جسٹس کو کراچی میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے سڑکوں پر کنٹینرز کھڑے کر کے سیل کر دیا گیا اور پھر سڑکوں پر آنے والے لوگوں کا شکار کیا گیا۔ اس دن پچاس انسانوں کو قتل اور سیکڑوں کو گولیوں کا نشانہ بنا کر زخمی کیاگیا۔12مئی کے متاثرین کو انصاف دینا وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے ۔کراچی میں دو سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت حکومت اورسکیورٹی اداروں کیلئے ایک بڑا چیلنج ہےسکیورٹی اہلکاروں کو ٹارگٹ کرنے والوں کا سراغ لگانا اور انہیں کیفرکردار تک پہنچاناکراچی میں قیام امن کیلئے انتہائی اہم ہے۔ہمارے دل میں سندھ سے جانے والے اور سندھ میں آنے والے دونوں سیدوں کیلئے نیک تمنائیں ہیں ۔پارلیمنٹ کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری ،بوری بند لاشوں اور سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والے سامنے ہونے کے باوجود نامعلوم رہے ۔