عامر خان نے موجودہ بالی ووڈ کی صورتحال پر لب کشائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں بس اپنا کام ایمانداری سے کرتا رہوں گا۔
گزشتہ کچھ عرصے سے بھارتی سینما شدید مشکلات کا شکار ہے، جہاں ہٹ فلموں کے مقابلے میں ناکام فلموں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، علاقائی سینما کی فلمیں جہاں باکس آفس پر بہتر کارکردگی دکھا رہی ہیں، وہیں ہندی فلمیں اس معیار پر پورا اترنے میں پیچھے نظر آتی ہیں۔
اس صورتِ حال پر بات کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ ہندی فلمیں ملک کی دوسری فلم انڈسٹریز کے مقابلے میں کم نہیں ہیں، لیکن بہتری کی گنجائش ہمیشہ موجود ہے۔
دی ہالی ووڈ رپورٹر انڈیا کو دیے گئے ایک بے باک انٹرویو میں عامر خان نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ ہم بہتر فلمساز نہیں بن سکتے، بلاشبہ ہمیں سیکھنے اور بہتری کی بہت گنجائش ہے، لیکن کیا ملک بھر میں فلم میکنگ کا معیار واقعی مختلف ہے؟
انہوں نے مزید کہا اگر آپ 70 اور 80 کی دہائی کی فلموں کو دیکھیں تو میں سمجھتا ہوں کہ اس دور میں بننے والی زیادہ تر فلموں کا معیار بہت کمزور تھا، جب میں 1988ء میں آیا تو حالات ایسے ہی تھے، لیکن 90 کی دہائی کے بعد اور خصوصاً 2000ء کے بعد ناظرین کا ذوق تبدیل ہوگیا، اب وہ مختلف قسم کے مواد کو پسند کرتے ہیں۔
موجودہ سست روی کے تناظر میں عامر خان نے فلم انڈسٹری کی حالیہ پیش رفت کو کم تر قرار دینے سے گریز کیا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ موجودہ صورتحال میں کیا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، تو عامر نے جواب دیا کہ میں بس وہی کہانیاں سنانا چاہتا ہوں جن پر میں یقین رکھتا ہوں، میں یہی کرنا جانتا ہوں، میں اپنے بارے میں کبھی یہ نہیں سوچتا کہ میں سب کچھ بدل سکتا ہوں، میرے لیے ایک اچھی فلم بنانا ہی ایک بڑی بات ہے۔
واضح رہے کہ عامر خان اپنی آنے والی فلم ستارے زمین پر میں جنیلیا ڈی سوزا کے ساتھ نظر آئیں گے۔