واشنگٹن میں وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے متحدہ عرب امارات کے وزیرِ مملکت برائے مالی امور سے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر وزیرِ خزانہ نے یو اے ای کے ہم منصب کو پاکستان کے معاشی اشاریوں سے آگاہ کیا، فِچ ریٹنگ میں بہتری اور حکومت کے نج کاری کے ایجنڈے سے بھی آگاہ کیا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ ایک نئے معاہدے پر اسٹاف لیول ایگریمنٹ حاصل کر لیا ہے، ایگریمنٹ توسیعی فنڈ سہولت کے تحت پہلے جائزے اور آر ایس ایف کے تحت کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرِ خزانہ نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو سراہا، مفاہمتی یادداشتوں کو عملی معاہدوں میں بدلنے کی ضرورت پر زور دیا۔
محمد اورنگزیب نے کرپٹو کرنسی کے ضابطہ کار پر یو اے ای کے تجربے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور متحدہ عرب امارات کے وزیرِ مالیات کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔