• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی، 54 خوارج ہلاک، آئی ایس پی آر


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے پاکستان افغانستان سرحد کے راستے دراندازی کی کوشش ناکام بنادی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں دراندازی کرنے والے 54 خوارج ہلاک کردیے گئے۔ خوارجیوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل سے دراندازی کی کوشش کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مارے گئے خوارج سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حال ہی میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھی اس امر پر بات کی گئی تھی، یہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردی کے خلاف جنگ سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، بھارتی حکمتِ عملی کا مقصد فتنہ الخوارج کو مہلت فراہم کرنا ہے، سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ممکنہ بڑے سانحے کو روک دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کے خلاف کارروائی میں خوارج کی ہلاکتوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے، سیکیورٹی فورسز وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے  پر عزم ہے، ایسی جرات مندانہ اور فیصلہ کن کارروائیاں ہماری یکجہتی کو مزید مضبوط کرتی ہیں، پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے فتح کی جانب بڑھ رہا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وزیر اعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خوارج کی دراندازی ناکام بنائی، سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت سے دہشتگردوں کو بروقت روکا۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، یہ کامیاب کارروائیاں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ پاکستان دہشتگردی کےخلاف جنگ جیت رہا ہے، پاکستان دہشتگردوں کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید