سکھر+ڈہرکی (بیورو رپورٹ/نامہ نگار) سکھر اور گردونواح کے علاقوں میں تیز بارش کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا، بارش کے باعث متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے اور شہر سمیت گردونواح کے بیشتر علاقوں میں 5سے6گھنٹے تک بجلی مسلسل بند ہونے کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، سیپکو ذرائع کے مطابق بارش کے باعث بجلی کے جو فیڈر ٹرپ کرگئے تھے انہیں ترجیحی بنیادوں پر بحال کیا گیا ہے ، بارش کے باعث گرمی کی شدت میں بھی کچھ کمی واقع ہوئی ہے ، تاہم الصبح بارش ہونے کے بعد بعض علاقوں میں بادل چھائے ہوئے تھے جبکہ بعض علاقوں میں سورج کی تپش کا سلسلہ جاری تھا۔ڈہرکی :سمیت ضلع گھوٹکی کے بیشترعلاقوں میں شدید مٹی والی آندھی کے طوفان اور تیزبارش کے طویل سلسلے نے نظام زندگی کو بری طرح درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے۔ ٹریفک، مواصلات، ریلوےاور بجلی کاسسٹم بری طرح متاثرہو کر رہ گیا ہے۔ بارش کی پہلی بوند پڑتے ہی بجلی غائب ہو گئی اور12 گھنٹے بجلی نہ ہونے سے لوگوں کو مشکلات کو کا سامنا رہا۔ ادہرٹاؤن کمیٹی ڈہرکی کی انتظامیہ کی طرف سے بارش کے پیش نظر قبل اِز وقت کسی بھی قسم کے مناسب ہنگامی بندوبست نہ کئےجانے سے نالیوں اورگٹروں کا پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہو جانے کی وجہ سے شہریوں کو شدیدپریشانیوں کا سامنا کرناپڑ ر ہا ہے۔ طوفانی بارش سے علاقہ بھر کی گلیاں، بازار، سڑکیں اور نشیبی علاقوں میں جگہ جگہ بارش کے پانی جمع ہونے کی وجہ سے ہرطرف جل تھل ہے۔شدید بارش اور شدیدآندھی کے طوفان نے کچے مکانات ،کچی دیواروں اور جھونپڑیوں کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔