• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حمزہ علی عباسی نے شادی میں نکاح پڑھانے کی کیا وجہ بتائی؟


 پاکستان کے معروف اداکار اور مذہبی رجحان رکھنے والی شخصیت حمزہ علی عباسی نے حالیہ انٹرویو میں اپنی ذاتی اور دینی زندگی کے کئی پہلوؤں پر کھل کر بات کی ہے۔ 

حمزہ علی عباسی نے گزشتہ دنوں ایک دوست کا نکاح پڑھایا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں اس عمل پر ہونے والی تنقید کا بھی مدلل جواب دیا ہے۔

حمزہ علی عباسی نے کہا کہ نکاح پڑھانا یا نمازِ جنازہ ادا کرنا صرف علما کی ذمہ داری نہیں، بلکہ یہ ہر مسلمان کو آنا چاہیے۔ 

انہوں نے کہا کہ میں نے نکاح پڑھاتے وقت ایک عالمِ دین کو بھی ساتھ رکھا تاکہ ہر عمل شرعی طریقے کے مطابق ہو، ہمیں ان بنیادی چیزوں کا سیکھنا ضروری ہے، یہ دین کا حصہ ہیں۔

حمزہ نے اس تاثر کو رد کیا کہ فنکار ہونے کی حیثیت سے انہیں دین کی بات نہیں کرنی چاہیے۔ 

اس پر انہوں نے وضاحت دی کہ میں کوئی مفتی یا عالم نہیں ہوں، میں جو بات کرتا ہوں وہ علما اور مستند اسلامی اسکالرز سے سیکھ کر کرتا ہوں، اگر میں اپنی طرف سے باتیں بناؤں تو وہ غلط ہو گا، مگر ایک مسلمان ہونے کے ناطے دین کی بات کرنا میرا بھی حق ہے۔

حمزہ علی عباسی نے کہا کہ میں نے 2017ء سے پہلے کچھ غیر مناسب کام کیے، مگر اپنی دینی آگاہی کے بعد اب ہر چیز سوچ سمجھ کر اور دینی دائرے میں رہ کر کرتا ہوں۔

حمزہ نے اس نکتے پر زور دیا کہ جب کوئی فنکار کسی پلیٹ فارم پر موجود ہوتا ہے تو وہ صرف اپنی نہیں بلکہ اپنی قوم کی بھی نمائندگی کر رہا ہوتا ہے، ایسے میں اس کا کردار، زبان اور رویہ سب کچھ اہمیت رکھتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید