مظفرآباد(سید عباس گردیز ی سے)آزادکشمیر کے نامزد وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی اسلام آباد سے واپسی پر کوہالہ کے مقام پر ن لیگ کے کارکنوں کا سیلاب ان کے استقبال کیلئے امڈ آیا‘ کارکنوں نے راجہ فاروق حیدر خان پر زبردست گل پاشی کی اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ میاں نوازشریف زندہ باد‘ مسلم لیگ ن زندہ باد‘ فاروق حیدر زندہ باد‘ تحریک آزادی کشمیر زندہ باد کے فلک شگاف نعرے کوہالہ سے مظفرآباد تک فضاء میں بلند ہوتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر کے نئے نامزد وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان جب گزشتہ روز کوہالہ کے مقام پر پہنچے تو مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے مرکزی قائدین سمیت عہدیداران و کارکن کی ایک بہت بڑی تعداد اپنے قائد کے استقبال کیلئے صبح سے ہی وہاں انتظار میں کھڑی تھی۔ گزشتہ روز جونہی نامزد وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کوہالہ پہنچے تو کارکنوں نے فلک شگاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیئے گئے تھے‘ راجہ فاروق حیدر خان کو باضابطہ سرکاری پروٹوکول میں کوہالہ سے مظفرآباد لایا گیا۔ استقبالیہ جلوس میں مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر چوہدری منظور احمد‘ مسلم لیگ ن ویلی کی نائب صدر نسیمہ وانی‘ لیگی رہنما راجہ ابرار ایڈووکیٹ‘ مرکزی مجلس عاملہ آزادکشمیر کے ممبر شیخ سراج منیر‘ فاروق قادری ‘ راجہ لیاقت ‘عباس قادری ‘زاہد القمر خان ‘لیگی رہنما ‘قاری بلال ‘ ڈاکٹر محمد یونس میر‘ جانباز کشمیری‘ راجہ گل زمان‘ اعظم رسول‘ سید غضنفر علی شاہ ‘آصف مصطفائی‘ رفاقت زمان‘ شیخ اکبر صدیقی‘ چوہدری شفقت علی ایڈووکیٹ‘ راجہ شجاعت ‘ عقیل قریشی‘ ارم قریشی‘ یاسر میر یابی‘ فواد گیلانی‘ راجہ اظہار خان‘ الیاس مغل ‘ محمد اقبال اعوان‘ سلیمان تانترے‘ امتیاز بٹ ‘ راجہ بشارت ‘ سائرہ چشتی‘ ساجد ہ گیلانی سمیت کارکنان نے کوہالہ کے مقام پر زبردست استقبال کیا۔ راجہ فاروق حیدر خان کا مظفرآباد پہنچنے تک جگہ جگہ کارکنوں کی جانب سے فقید المثال استقبال کیا گیا۔ کارکنوں نے فلک شگاف نعرے لگائے پوری فضا ء نعروں سے گونج اٹھی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیئے گئے تھے۔