• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کا غرور، جھوٹا پروپیگنڈا آج فضاؤں میں جل کر راکھ ہوچکا: وزیراعلیٰ پنجاب


وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کا غرور، تکبر اور جھوٹا پروپیگنڈا آج فضاؤں میں جل کر راکھ ہوچکا ہے۔

مریم نواز نے پاک بھارت کشیدگی پر اپنے بیان میں کہا کہ پاک فضائیہ نے دنیا پر واضح کردیا کہ دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ یہ صرف دفاع نہیں، پاک فوج نے تاریخ رقم کردی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دنیا کو بتادیا، یہ پاکستان ہے، اسے آزمانے والے ہمیشہ پچھتاتے ہیں، قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے، اپنے جوانوں اور پائلٹس کو سلام پیش کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ رات کی تاریکی میں میزائل حملوں میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بھارت کے 5 جنگی طیارے پاکستان نے مار گرائے ہیں جبکہ ایک ڈرون اور متعدد کواڈ کاپٹر بھی تباہ کردیے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھی بھارتی جارحیت کا دندان شکن جواب دیا گیا ہے۔

بھارتی فوج کا انفنٹری بریگیڈ ہیڈکوارٹر اور ایک بٹالین ہیڈکوارٹر سمیت متعدد پوسٹیں تباہ کردی گئی ہیں۔

لائن آف کنٹرول پر بھاری نقصان اٹھانے کے بعد بھارت نے جورا سیکٹر میں سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلم کرلی۔

قومی خبریں سے مزید