شفاعت علی نے مودی کی نقل اتار کر ’آپریشن سندور‘ کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ پاکستانی جواب نے بھارت کی شادی کو ولیمہ بنادیا۔
بھارت کے پاکستان پر میزائل حملوں کے بعد جہاں قوم میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، وہیں معروف پاکستانی کامیڈین، اداکار اور میزبان شفاعت علی نے ایک بار پھر اپنے منفرد انداز میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی نقل کر کے بھارت کے چھکے چھڑدیے، جس کی دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوگئی۔
شفاعت علی نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں مودی کی آواز اور انداز میں کہا، ’’کل رات ہماری ایئرفورس نے اجازت مانگی، اور کمانڈ تھی ’سندور‘ ایک ایسا فیصلہ جو تاریخ بدلے گا اور بہار کے الیکشن جتوائے گا۔‘‘
انہوں نے مزید طنز کرتے ہوئے کہا، ’جب ہماری ایئرفورس پاکستان پہنچی، تو جواب میں ہمیں مکمل ولیمہ دے دیا گیا، اب کیا ہی کہوں اپنے رافیل اور مگ طیاروں کے بارے میں؟‘
ویڈیو کے اختتام پر شفاعت نے مودی کے انداز میں پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کےلیے کہا، ’ہم انڈین آرمی اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی جانب سے پاکستان سے صرف ایک بات کہنا چاہتے ہیں جنرل عاصم منیر آپ میری جان ہیں، میری روح ہیں!‘
شفاعت علی کی یہ ویڈیو ناصرف مزاح سے بھرپور ہے بلکہ عوامی جذبات کی ترجمانی بھی کرتی ہے۔