• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی شوبز شخصیات کی بھارتی جارحیت کی مذمت

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

پاکستانی شوبز کی نامور شخصیات نے بھارتی جارحیت کی کھل کر مذمت کی ہے اور اپنے وطن کے دفاع میں آواز بلند کی ہے۔

بھارتی جنگی جنون اور جارحیت ایک بار پھر بے نقاب ہو گئی، پہلگام حملے کے بعد بغیر کسی ثبوت کے بھارت نے پاکستان پر الزامات دھرے اور پھر گزشتہ رات کئی پاکستانی شہروں پر بزدلانہ حملے کردیے۔

جوابی کارروائی میں پاک افواج نے جرأت مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی بھارتی جنگی طیارے مار گرائے اور مودی کے غرور کو پاش پاش کردیا۔

پاکستان کے سپر اسٹارز نے پاک افواج سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کو منہ توڑ جواب پر دینے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

ماہرہ خان، فواد خان، ہانیہ عامر، عروہ حسین، منیب بٹ اور بلال عباس خان سمیت دیگر فنکاروں نے سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عزم ظاہر کیا۔

ماہرہ خان نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر حالیہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دیا اور کہا کہ مودی رات کی تاریکی میں حملہ کرتے ہو اور اس کو اپنی جیت کہتے ہو، شرم آنی چاہیے۔

بلال عباس اور منیب بٹ نے بھارت کے جنگی رویے پر سخت الفاظ میں تنقید کی اور اسے خطے کے امن کےلیے خطرہ قرار دیا۔

بلال عباس نے کہا کہ بھارت ہمیشہ جھوٹے پروپیگنڈے سے دنیا کو گمراہ کرتا ہے، مگر اب پاکستانی نوجوان فنکار بھی سچائی کےلیے آواز بلند کریں گے۔

منیب بٹ نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، لیکن اگر دشمن نے جنگ مسلط کی تو پھر جواب بھی اسی زبان میں دیا جائے گا۔

فواد خان اور ہانیہ عامر نے صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے افہام و تفہیم اور کشیدگی کے خاتمے پر زور دیا۔

عروہ حسین نے ایک اسٹوری پوسٹ میں لکھا کہ ہماری خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کی امن کی خواہش ہمیشہ برقرار رہے گی، مگر اپنے دفاع میں ہم کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

اس کے علاوہ اداکار اسامہ خان، یاسر حسین، حنا الطاف، سبینا فاروق، حبا قادر، درفشاں، سلیم شیخ، منشا پاشا، عائزہ خان، کومل میر، حرا مانی، ثنا جاوید، محب مرزا، مریم نفیس اور ایمن سلیم سمیت دیگ فنکاروں نے بھی بھارت کو آڑے ہاتھوں لیا۔

پاکستانی عوام اور سوشل میڈیا صارفین نے فنکاروں کی اس حب الوطنی کو خوب سراہا اور کہا کہ اب وقت ہے کہ سب قومی مفاد کےلیے کھڑے ہوں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید