• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صفائی کر کے فلٹر تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے، ڈاکٹر عارف خان

پشاور ( وقائع نگار ) لپروسی ٹی بی بلائنڈنس ریلیف ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر سرجن ڈاکٹر محمد عارف خان نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور، وزیر بلدیات،مئیر پشاور اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پشاور شہر اور کینٹ کی حدود میں امریکی حکومت کی جانب سے کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیئے گئے 18سے زیادہ واٹر فلٹریشن پلانٹوں کی صفائی کروا کر اُن میں نئے فلٹر لگائے جائیں تاکہ شدید گرمی کے موسم میں مخلوق خُدا کوبھی ٹھنڈا اور صاف ستھرا پینے کا پانی فراہم ہو سکے ایک بیان میں سرجن محمد عارف خان نے کہا کہ امریکی حکومت نے انسانی ہمدردی کے تحت ٹیوب ویلوں سے شہریوں کو مضر صحت پانی کی فراہمی کی شکایات کے سبب پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیئے کروڑوں روپے کی لاگت سے تحصیل گورگٹھڑی،گلبہارکالونی،ڈبگری گارڈن چوک، سردار احمد جان کالونی، فقیر آباد،آسیہ پارک کے قریب اور دیگر18مقامات پر پینے کے صاف فلٹر شدہ پانی کی فرا ہمی کے لیئے واٹر فلٹریشن پلانٹ بنا کر بلدیہ پشاور کو حوالے کیئے تھے جن میں ہر تین ماہ بعدصفائی کر کے فلٹر تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔