پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ پارٹی کے مخلص کارکنان مسلم لیگ (ن) کا اصل سرمایہ ہیں، ان کی خدمات کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے جاتی عمرہ میں نواز شریف سے خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران نواز شریف نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پُرجوش اور وفادار کارکنان پارٹی کی طاقت ہیں جو بیرونِ ملک رہتے ہوئے بھی پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے بیانیے کو مضبوطی سے دنیا کے سامنے رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ اپنے کارکنوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور ان کی قربانیوں اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے۔
اس موقع پر ملک نور اعوان نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ میاں محمد نواز شریف ناصرف مسلم لیگ (ن) کے قائد ہیں بلکہ وہ پوری پاکستانی قوم کے محبوب لیڈر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایٹمی دھماکوں سے لے کر جے ایف تھنڈر جیسے اہم منصوبے نواز شریف کی قیادت میں ہی پایۂ تکمیل کو پہنچے، جنہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔
ملک نور اعوان نے مزید کہا کہ آج جے ایف تھنڈر بھارت کے عزائم کو خاک میں ملا رہا ہے اور اس کی بنیاد میاں نواز شریف کے انقلابی فیصلوں اور قومی سلامتی کے وژن کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی بالخصوص بیرونِ ملک مقیم ن لیگی کارکنان نواز شریف کی قیادت پر فخر محسوس کرتے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یہ ملاقات ایک خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں آئندہ کے لائحہ عمل اور بیرونِ ملک پارٹی سرگرمیوں کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔