• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی عظیم الشان فتح نے قوم کو ایک نئے ولولے، خود اعتمادی اور اجتماعی وحدت کا احساس دلایا ہے۔ دشمن کی جارحیت کے مقابل جس پامردی اور عزم سے ہماری افواج نے دفاع کیا، وہ نہ صرف عسکری تاریخ کا سنہری باب ہے بلکہ پوری قوم کیلئے فخر کا مقام ہے۔ زندہ قومیں اپنی فتح پر سربسجود ہوکر اللہ کا شکر ادا کرتی ہیں کہ اُس نے انہیں دشمن سے جنگ میں سرخرو کرکے فتح سے ہمکنار کیا۔ گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف کی اپیل پر ملک بھر میں یومِ تشکر گرمجوشی سے منایا گیا، مسجدوں میں سجدہ شکر ادا کیا گیا، چرچوں میں دعائیں کی گئیں، مندروں اور گردواروں میں امن کی پکار سنائی دی گئی۔ گویا مذہب، نسل اور علاقائی حدود سے بالا تر ہو کر پاکستانی قوم نے ایک دل، ایک جذبے اور ایک زبان کے ساتھ شکر ادا کیا۔ یہ شکر صرف فتح کا نہیں تھا بلکہ اس اتحاد، یکجہتی اور اُس قربانی کا تھا جس نے اس فتح کو ممکن بنایا۔ اس موقع پر تعلیمی اداروں میں خصوصی تقریبات ہوئیں، اخبارات میں خصوصی ایڈیشن شائع کئے گئے اور ذرائع ابلاغ نے شہدا اور غازیوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ اس حوالے سے ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں، بچوں نے قومی پرچم تھامے نغمے گائے اور بزرگوں کی آنکھوں میں وہ چمک نظر آئی جو صرف سچے جذبے سے آتی ہے۔

کراچی میں چین کے قونصل جنرل یانگ یوڈونگ کا شمار میرے قریبی دوستوں میں ہوتا ہے اور میں انہیں ہمیشہ اپنا بھائی کہتا ہوں۔ وہ پاکستان کے ایک حقیقی دوست ہیں، میرے گھر کی کوئی تقریب اُن کے بغیر مکمل تصور نہیں کی جاتی اور وہ بھی مجھے اکثر چینی قونصل خانے کھانے پر مدعو کرتے ہیں، اس طرح ہماری دوستی اب بھائیوں کا رشتہ اختیار کرگئی ہے۔ گزشتہ دنوں میں نے چینی قونصل جنرل سے درخواست کی کہ میں ’’یوم تشکر‘‘ کے موقع پر ایک بڑی تقریب کا انعقاد کرنا چاہتا ہوں جس کے مہمان خصوصی آپ ہوں گے۔ اس طرح میرے بھائی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ اور میں نے اپنی رہائش گاہ پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جس کے مہمان خصوصی چین کے قونصل جنرل یانگ یوڈونگ تھے۔ اس موقع پر گھر کو پاکستان اور چین کے پرچموں سے بڑی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ چینی قونصل جنرل کی آمد پر بچوں نے گلدستے پیش کرکے اُن کا استقبال کیا اور چینی زبان میں شکریہ ادا کیا جبکہ تقریب میں شریک مہمانوں نے بھی چینی قونصل جنرل کا استقبال ایک ہیرو کی طرح کیا اور انہیں اتنے گلدستے پیش کئے کہ جب وہ گلدستے ان کی گاڑی میں رکھے گئے تو گاڑی کی ڈگی گلدستوں سے بھر گئی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی اپنے چینی بھائیوں سے کتنی محبت کرتے ہیں۔ چینی قونصل جنرل نے اپنے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے پر بیگ برادران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی Iron Clad کی طرح ہے، پاک بھارت جنگ کے دوران چین نے جو کچھ کیا، یہ ایک بھائی کا فرض تھا اور اگر مستقبل میں بھی پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو چین اس سے بڑھ کر پاکستان کا ساتھ دے گا اور مدد کرے گا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے پاکستان اور چین کے پرچموں سے بنا کیک مہمانوں کے ہمراہ کاٹا اور مہمان خصوصی کو مٹھائی کھلاکر منہ میٹھا کروایا گیا۔ تقریب میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات عارف حبیب، وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل عرفان سومرو، قومی اسمبلی کے ممبران اعجاز جاکھرانی، جاوید حنیف، شرمیلا فاروقی، معروف بینکر عاطف حنیف اور بزنس کمیونٹی کی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ چینی قونصل جنرل سے دوران گفتگو یہ انکشاف ہوا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں 10مئی کی علی الصبح بھارت کو منہ توڑ جواب دیا تو پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ رات 3 بجے سے وزارت خارجہ کے ’’وار روم‘‘ میں موجود تھے اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سمیت سینئر اعلیٰ حکام کے ساتھ پاک بھارت جنگ کو مانیٹر کررہے تھے جبکہ کراچی میں چینی قونصلیٹ اور اسلام آباد میں چینی سفارتخانہ پوری رات کھلا رہا اور جنگی صورتحال کو مانیٹر کیا جاتا رہا۔

’’یومِ تشکر‘‘ صرف ایک دن کی تقریب نہیں تھی بلکہ یہ ایک سوچ، ایک پیغام اور ایک یاد دہانی تھی کہ جب قوم ایک ہو تو کوئی دشمن سر نہیں اٹھا سکتا۔ یہ دن ہمیں یہ بھی باور کرواتا ہے کہ قومی سلامتی صرف افواج کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کا فرض ہے۔ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ یومِ تشکر محض جشن منانے کا دن نہیں بلکہ خوداحتسابی کا دن بھی ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جنگی کامیابیوں کو پائیدار بنانے کیلئے داخلی استحکام، معاشی ترقی اور تعلیمی بیداری نہایت اہم ہیں۔ دشمن صرف سرحد پر نہیں ہوتا بلکہ ملک میں بھی چھپا ہوتا ہے۔ اگر ہم نے واقعی اس دن کا حق ادا کرنا ہے تو ہمیں ایک زندہ قوم کی طرح سوچنا ہوگا اور اپنی آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ، ترقی یافتہ اور باوقار پاکستان دینا ہو گا۔ ’’یومِ تشکر‘‘ گزر گیا لیکن اس کا جذبہ، اس کی روح اور اس کا پیغام ہمیشہ زندہ رہنا چاہئے۔ یوم تشکر اس وقت تک نامکمل رہے گا جب تک چین کے صدر، چینی فضائیہ کے سربراہ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ اور قونصل جنرل یانگ یوڈونگ کو پاکستان کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا نہ جائے تاکہ انہیں احساس ہو کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔

تازہ ترین