لاہور کے علاقے ڈیفنس میں سابقہ بیوی اور بچوں کو اغوا کرنے والے ملزم کو وہاڑی کے علاقے لڈن سے گرفتار کرکے مغویوں کو بازیاب کروالیا گیا، ڈیفنس میں خاتون کے اغوا کی سی سی ٹی فوٹیج سامنے آئی تھی۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) انویسٹی گیشن ذیشان رضا کے مطابق ملزم ایوب نے ساتھیوں کی مدد سے اپنی سابقہ بیوی اور بچوں کو ڈیفنس سے اغوا کیا تھا، ملزم کو لڈن سے گرفتار کرکے مغوی خاتون اور بچوں کو بازیاب کروالیا گیا۔
اس سے قبل خاتون کے اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئے تھی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 2 خواتین پیدل سڑک کنارے آ رہی ہیں، پیچھے سے ایک کار اُن کے سامنے آکر رُکتی ہے، جس میں سے 2 افراد نکلتے اور خاتون کو زبردستی کار میں ڈال کر فرار ہو جاتے ہیں۔
اس دوران ہیلمٹ پہنے ایک موٹرسائیکل سوار بھی خواتین کے پاس کھڑا رہتا ہے، پولیس نےمغویہ کے بھائی کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کیا تھا۔