• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’جیو فلمز‘ کی پیشکش فلم ’دیمک‘ عید الاضحیٰ پر نمائش کیلئے پیش کی جائےگی

جنگ فوٹو
جنگ فوٹو 

’جیو فلمز‘ کے بینر تلے شاندار ہارر، خاندانی رشتوں اور خاندانی ڈرامے کے امتزاج پر مبنی نئی فلم ’دیمک‘ عیدالاضحیٰ کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بننے جا رہی ہے۔

خوف اور جنات کی دُنیا پر مبنی فلم ”دیمک“ کی کاسٹ کے ساتھ لاہور کے سنیما میں میٹ اینڈ گریٹ ایونٹ کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر شائقین کی بڑی تعداد نے فلمی ستاروں کو خوش آمدید کہا اور سیلفیاں لیں۔

فلم کا ٹریلر پہلے ہی سوشل میڈیا پر نشر کیا جا چکا ہے جس نے ناظرین میں بے چینی اور تجسس کو بڑھا دیا ہے۔

ٹریلر کے منظرِ عام پر آتے ہی فلمی شائقین اور ناقدین نے اسے پاکستانی سینما کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

لاہور کے سینما میں جنگ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل قریشی نے کہا فلم کی کہانی ایک متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے خاندان کے گرد گھومتی ہے جہاں ایک نوجوان جوڑا پُراسرار اور ماورائی واقعات کی زد میں آ جاتا ہے، یہ فلم ان ناظرین کے لیے خصوصی دلچسپی رکھتی ہے جو ہارر کے ساتھ ساتھ خاندانی ڈرامے کو بھی پسند کرتے ہیں۔

فلم کی ہیروئن سونیا حسین نے کہا کہ کہانی ناصرف خوف پر مبنی ہے بلکہ معاشرتی پیچیدگیوں کو بھی اجاگر کرتی ہے، فلم ’دیمک‘ پاکستانی سینما میں ایک نیا باب رقم کرنے جا رہی ہے۔

ثمینہ پیر زادہ نے کہا کہ فلم میں بہت خوبصورتی کے ساتھ دکھایا گیا ہے کہ جب ایک گھر میں انجان خوف پنپنے لگے، تو خاندانی رشتے، خصوصاً ساس اور بہو کا رشتہ کس طرح کشیدہ ہو جاتا ہے۔

فلم ‘دیمک‘ کی ہدایتکاری نوجوان فلم ساز رافع راشدی نے کی ہے جبکہ کہانی معروف لکھاری عائشہ مظفر کی تخلیق ہے، ایگزیکٹو پروڈیوسر سید مراد علی ہیں اور اسے مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے پیش کیا جا رہا ہے۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں جاوید شیخ، بشریٰ انصاری، ثمن انصاری، عنایہ عباس اور آریز عباس شامل ہیں۔

’دیمک‘ کی فنی ٹیم میں عالمی سطح پر کام کرنے والے ماہرین بھی شامل ہیں، فلم کی سینماٹوگرافی معروف کیمرا مین رانا کامران نے کی ہے جبکہ ویژول ایفیکٹس پر کام جولیا میلاس اور ایمیجن میجک اسٹوڈیوز نے انجام دیا ہے۔

فلم کی پسِ منظر موسیقی اور ساؤنڈ ڈیزائننگ صہیب راشدی کی مہارت کا نتیجہ ہے جو فلم کی سنسنی خیز فضا کو مزید ہارر بناتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید