راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی کے مختلف پسماندہ علاقوں میں صفائی کی صورتحال بہتر نہیں ہو پائی۔ ان علاقوں کے رہائشیوں نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ اُنکے علاقوں کو بھی پوش علاقوں کے برابر فوقیت دیکر صفائی کی صورتحال بہتر کی جائے۔ راولپنڈی کے علاقوں فضل آباد، ڈھوک کھبہ، امرپورہ، گنجمنڈی، اکال گڑھ، فوجی کالونی، ہزارہ کالونی تا بنگش کالونی، ڈھوک مٹکال اور دیگر علاقوں میں نالیاں درست صاف نہیں ہو رہیں البتہ کوڑا لفٹنگ بہتر ہے۔ ادہر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے نئے بھرتی ہونیوالے منیجرز اور اسسٹنٹ منیجرز نے چار کی بجائے دو دو اضافی ترقیاں دینے پر احتجاج کیا ہے۔ افسران کے مطابق اُنہیں 25سو کی چار سالانہ ترقیوں کی جگہ 15سو روپے کی دو ترقیاں ملی ہیں۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عرفان قریشی نے بتایا کہ سالانہ ترقی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری سے دی گئی‘ بورڈ جو فیصلہ کرے سب تسلیم کرنے کے پابند ہیں۔ اگر بورڈ ترقی نہ دینا چاہے تو یہ بھی اُس کا استحقاق ہے۔ اگر بورڈ چار ترقیاں دینے کی منظوری دیتا تو چار ہی ملنی تھیں۔