پشاور ( لیڈی رپورٹر) خواتین ارکان صوبائی اسمبلی نسیم حیات اور عائشہ نعیم نے ڈیڑھ کروڑ مالیت کے ٹرانسفارمر ز اور بجلی کے پولز تقسیم کر دیئے۔ ایم پی ایز نسیم حیات اور عائشہ نعیم نے صوابی کے 6 دیہات کے رہائشیوں کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرتے ہوئے اپنے ایم پی ایز فنڈز سے ڈیڑھ کروڑ مالیت کے ٹرانسفارمرز اور ایل ٹی، ایچ ٹی پولز گزشتہ روز تقسیم کئے۔ عائشہ نعیم کے مطابق اس حوالے سے جھنڈا گائوں میں کھلی کچہری لگائی گئی جس میں 6 دیہات سے لوگوں نے شرکت کی اور اپنے اپنے مسائل سے ارکان اسمبلی کو آگاہ کیا ۔ اس موقع پر لوگوں نے ہینڈز پمپ کی تنصیب ، صحت کے مسائل کے حل کیلئے ڈسپنسری کا قیام ، نکاسی آب اور آبپاشی کے مسائل کے حل کا مطالبہ کیا جس کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے خواتین ارکان اسمبلی نے کہا کہ علاقے کے عوام کے مسائل سپیکر اسد قیصر کے ساتھ مشاورت سے حل کرنے کے لئے باقاعدہ منصوبہ بندی کی جائے گی ۔