وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ نقل کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے، مریم نواز نے علی امین گنڈاپور کی نقل کر کے قومی خزانے کے اربوں روپے ضائع کر دیے۔
انہوں نے کہا کہ آڈٹ رپورٹ نے مریم نواز کے پہلے رمضان پیکج کی قلعی کھول دی ہے، پنجاب کے رمضان پیکج میں مالی بے ضابطگیوں کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رحیم یار خان، فیصل آباد، راولپنڈی میں ایک ارب 63 کروڑ روپے کے پیکٹس مستحقین کو نہیں ملے، غلط ڈیٹا کے باعث قومی خزانے کو ایک ارب 81 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ تقریباً 5 لاکھ پیکٹس ایسے افراد کو دیے گئے جن کے پتے غلط تھے، اگر پتے غلط تھے تو 5 لاکھ راشن پیکٹس کہاں گئے؟